سیاسیات- استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) نے پارٹی کے اعلیٰ عہدیداروں کا اعلان کرتے ہوئے عبدالعلیم خان کو صدر اور عامر محمود کیانی کو سیکریٹری جنرل مقرر کردیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ایک بیان میں استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن ان چیف جہانگیر ترین نے کہا کہ مجھے عبدالعلیم خان کو پارٹی کا صدر بنانے کا اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے۔
دیگر پارٹی عہدیداروں کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عامر محمود کیانی کو سیکریٹری جنرل، عون چوہدری کو ایڈیشنل سیکریٹری جنرل اور پارٹی و پیٹرن ان چیف (میرا) ترجمان مقرر کیا گیا ہے۔
جہانگیر ترین نے کہا کہ پارٹی کے حوالے سے مزید اعلانات بعد میں کیے جائیں گے۔
بعد ازاں اپنے ایک اور ٹوئٹ میں جہانگیر ترین نے کہا کہ مخلتف میڈیا پلیٹ فارمز پر استحکام پاکستان پارٹی کی نمائندگی کے لیے اسحٰق خان خاکوانی، نعمان احمد لنگڑیال، سعید اکبر خان نوانی، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، فیاض الحسن چوہان، ڈاکٹر مراد راس اور میجر (ر) خرم حمید روکھڑی کو باضابطہ طور پر ترجمان نامزد کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ماضی میں پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کے قریبی ساتھی جہانگیر خان ترین کی قیادت میں گزشتہ ہفتے استحکام پاکستان پارٹی بنانے کا باقاعدہ اعلان کیا گیا تھا۔