جنوری 12, 2025

فقیہ اہلبیت آیت اللہ العظمی الشیخ محمد حسین نجفی سلطان المدارس الاسلامیہ سرگودھا میں سپرد خاک

سیاسیات- عالم اسلام کی معروف شخصیت، فقیہ اہلبیت آیت اللہ العظمی الشیخ محمد حسین نجفی کو سلطان المدارس الاسلامیہ سرگودھا میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ مرحوم کچھ عرصے سے علیل اور اسلام آباد کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ جہاں انہوں دارفانی کو خیر باد کہا۔ آیت اللہ محمد حسین نجفی 1932ء میں جہانیاں شاہ سرگودھا میں پیدا ہوئے۔ وہ بزرگ شیعہ علماء میں شمار ہوتے تھے۔ ان کی علمی، مذہبی اور قومی خدمات کا عرصہ تقریباً 70 سال پر محیط ہے۔ مرحوم نے حوزہ علمیہ نجف اشرف میں علوم دینیہ حاصل کئے اور وطن واپس آکر خدمت دین میں مصروف ہوگئے۔ مرحوم نامور مقرر، مناظر اسلام، مبلغ توحید، مجتہد، عظیم محقق، مفسر قرآن و حدیث، ماہر فلسفہ و علم الرجال اور کئی کتب کے مصنف تھے۔ تفسیر فیضان الرحمن، مناظرہ کی شہرہ آفاق کتاب تجلیات صداقت در جواب آفتاب ہدایت، مسائل الشریعہ، احسن الفوائد فی شرح العقائد، اصول الشریعہ فی عقائد الشیعہ، قوانین الشریعہ فی فقہ الجعفریہ، اسلام اور حرمت غنا، اسلام اور حرمت ریش تراشی، اسلام اور وجوب نماز جمعہ، سعادت الدارین فی مقتل الحسین، تحقیقات الفریقین فی حدیث الثقلین، ختم نبوت بر ختمی مرتبت، آداب المفید و المستفید، اصلاح المجالس و المحافل، اصلاح الرسوم الظاہرہ بکلام العترت الطاہرہ اور دیگر متعدد کتب کے مصنف تھے۔

وہ جامعہ علمیہ سلطان المدارس الاسلامیہ کے پرنسپل، تحریک جعفریہ کی سپریم کونسل کے رکن بھی رہے۔ ترویج و اشاعت دین ناب محمدی، ملت تشیع کی قیادت کے انتخاب اور ملت کو منظم پلیٹ فارم بنانے کے داعی اور اس تمام سفر میں ایک اہم کردار تھے۔ وہ قائدین ملت جعفریہ علامہ سید محمد دہلوی، علامہ مفتی جعفر حسین، شہید علامہ عارف حسین الحسینی اور علامہ ساجد علی نقوی کے قریبی ساتھیوں میں سے تھے۔ مرحوم کی نماز جنازہ جامعہ علمیہ سلطان المدارس الاسلامیہ سرگودھا میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں ملک بھر سے جید علماء کرام شریک ہوئے۔ مرحوم کو مدرسے میں ہی سپرد خاک کیا گیا۔ مخلتف مذہبی و سیاسی شخصیات نے آیت اللہ محمد حسین نجفی کے انتقال پر افسوس اور رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے اسے قومی و ملی نقصان قرار دیا ہے۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

eight + 13 =