دسمبر 21, 2024

عراق، آیت اللہ سیستانی سے اقوام متحدہ کے وفد کی ملاقات

سیاسیات- اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی خصوصی نمائندہ نے کل بدھ کے روز نجف اشرف میں شیعہ روحانی پیشوا سے ملاقات کی۔ بدھ 7 دسمبر کو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی خصوصی نمائندہ “جنین ہانس پلاسکارٹ” نے عراق کے شہر “نجف اشرف” میں اعلیٰ شیعہ قیادت آیت اللہ “سید علی حسینی سیستانی” سے ملاقات کی۔ آیت اللہ سیستانی سے ملاقات کے بعد جنین پلاسکارٹ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اعلیٰ شیعہ قیادت کی دور اندیشانہ حکمت عملی اور پرامن بقائے باہمی کی حمایت کے بارے میں بات کی۔ جنین پلاسکارٹ نے عراق میں بزرگ شیعہ رہنماء سے ملاقات کو ایک قیمتی موقع قرار دیتے ہوئے اس کی قدر دانی کی۔ جنین پلاسکارٹ نے اس امر کی جانب بھی توجہ دلائی کہ آیت اللہ سیستانی نے عراق میں تمام شعبہ ہائے زندگی کے درمیان امن و امان اور سلامتی قائم کرنے پر زور دیا۔

جنین پلاسکارٹ نے اعلان کیا کہ آیت‌ الله سیستانی سے ملاقات میں سیاسی مسائل پر بات نہیں ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آیت‌ الله سیستانی سے ہماری ملاقات نہایت اہمیت کی حامل ہے۔ اس ملاقات میں اقوام متحدہ میں شعبہ “تہذیب و تمدن” کے ڈائریکٹر “میگل مورٹینوس” بھی موجود تھے۔ انہوں نے اس ملاقات کے حوالے سے بتایا کہ ہم نے آیت‌ الله سیستانی کو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور پوپ فرانسیس کا سلام پہنچایا اور اس امر کی تاکید کی کہ اقوام متحدہ، عراق میں قومی امن و امان اور مختلف تہذیبوں کی حفاظت کی حمایت کرتا ہے۔ دوسری جانب آیت اللہ سیستانی کے دفتر نے بھی اس ملاقات کے بارے میں ایک بیان میں لکھا ہے کہ عراق کی سپریم شیعہ اتھارٹی نے پرامن بقائے باہمی کے کلچر کو فروغ دینے، تشدد و نفرت کو مسترد کرنے، مختلف مذاہب اور فکری رجحانات کے پیروکاروں کے احترام کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے باہمی حقوق اور دوستی کو فروغ دینے پر زور دیا۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

15 + sixteen =