سیاسیات- فلسطینی مزاحمت حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کا کہنا ہے کہ اس کے جنگجوؤں نے اپنی تازہ کاروائیوں میں اسرائیل کی متعدد فوجی گاڑیوں کو تباہ اور ایک درجن سے زائد صیہونی فوجیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے پیر کو ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ چار دنوں میں القسام کے جنگجو کم از کم 16 اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک کرنے اور 42 فوجی مشنوں میں 71 اسرائیلی فوجی گاڑیوں کو جزوی یا مکمل طور پر تباہ کرنے میں کامیاب ہو چکے ہیں۔
ابو عبیدہ نے کہا کہ ان مشنوں میں قابض اسرائیلی اہلکاروں کو اینٹی پرسنل گولہ بارود اور دھماکہ خیز آلات جیسے بوبی ٹریپس اور بارودی سرنگوں سے نشانہ بنایا گیا، نیز دشمن کی افواج کو قریب سے جنگی اور سنائپر آپریشنز کے ذریعے بھی نشانہ بنایا گیا۔ ابو عبیدہ نے مزید کہا کہ ہمارے جنگجوؤں نے دو جاسوس ڈرون مار گرائے اور ایک کو پکڑ لیا ہے۔ ابو عبیدہ نے مزید کہا کہ القسام کے جنگجوؤں نے مقبوضہ علاقوں میں ساحلی شہر تل ابیب کو بھی M90 راکٹوں سے نشانہ بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ “انہوں نے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فورسز کے ہیڈ کوارٹرز، فیلڈ کمانڈ رومز، اور فوجی اجتماعات پر مارٹر گولوں اور کم فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں سے بھی گولہ باری کی۔ یاد رہے کہ حال ہی میں صیہونی حکومت نے غزہ جنگ کے دوران اپنے 507 اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ دوسری طرف رپورٹس کے مطابق صیہونی حکومت نے غزہ پٹی سے پانچ بریگیڈز کو واپس بلا لیا ہے۔