سیاسیات- اقوام متحدہ کے امدادی ادارے انروا کا کہنا ہے کہ غزہ کو کھائی میں دھکیلا جا رہا ہے۔
اسرائیل نے شمالی غزہ میں رہنے والے 11 لاکھ فلسطینیوں کو جنوب کی طرف انخلا کرنے کے لیے کہا ہے جس کے باعث ہزاروں افراد گاڑیوں یا پیدل شمالی غزہ کو خالی کرکے جنوب کی طرف منتقل ہورہے ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کے تحت فلسطینی مہاجرین کی امدادی ایجنسی اُنروا نے کہا کہ غزہ کے شمال کو خالی کرنے کی اسرائیلی دھمکی کے بعد فلسطینیوں کا ایک سیلاب ہے جو شمالی غزہ سے جنوب کی طرف منتقل ہورہا ہے۔
UNRWA کی ڈائریکٹر آف کمیونیکیشن، جولیٹ ٹوما نے برطانوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “یہ ہمارے اب تک کے تجربے و مشاہدے کا بدترین واقعہ ہے، انتہائی خطرناک اور مایوس کن صورتحال ہے، غزہ کو ایک کھائی میں دھکیل دیا جا رہا ہے، غزہ میں انسانی المیہ سامنے آ رہا ہے اور دنیا تماشا دیکھ رہی ہے۔”
جولیٹ ٹوما نے مزید کہا: غزہ میں موجود ہمارے ساتھی اہلکاروں کے مطابق، لوگوں کا سیلاب امڈ آیا ہے جو اپنے گھروں کو چھوڑ کر جا رہے ہیں۔ کچھ اپنی گاڑیوں میں ہیں، کچھ پیدل چل رہے ہیں، جن میں سے کچھ نے اپنے سروں پر بوریا بستر لادا ہوا ہے، “لوگ خوفزدہ ہیں، نہایت خوف زدہ۔”