سیاسیات- امریکہ کے وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدے کے بہت قریب ہیں تاہم یہ معاہدہ اسی وقت ہوگا جب ریاض اسرائیل کے ساتھ اپنے تعلقات معمول پر لائے گا۔
ریاض میں ہونے والے عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلنکن نے کہا کہ ’’سعودی عرب اور امریکہ اپنے جن معاہدات پر کام کر رہے تھے، میرے خیال میں ہم اس پر کام مکمل کرنے کے بہت قریب ہیں۔‘‘
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ماہ دونوں ممالک نے اسرائیل اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے بہت کام کیا تھا۔
اس موقعے پر بلنکن نے انکشاف کیا کہ فلسطینیوں سے متعلق مجوزہ معاہدے کے انتہائی اہم حصے پر بات کرنے کے لیے انہیں گزشتہ برس 10 اکتوبر کو سعودی عرب اور اسرائیل کا دورہ کرنا تھا۔ تاہم سات اکتوبر کو حماس کے اسرائیل پر حملے کی وجہ سے یہ ممکن نہیں ہوسکا۔
بلنکن کا کہنا تھا کہ تعلقات معمول پر لانے کے لیے غزہ میں امن اور فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے قابلِِ اعتماد راستہ اختیار کرنے کی ضرورت ہوگی۔
اینٹنی بلنکن مشرقِ وسطیٰ کا چار روزہ دورہ کررہے ہیں جس میں وہ سعودی عرب، عمان اور اسرائیل بھی جائیں گے۔ گزشتہ برس غزہ میں جنگ شروع ہونے کے بعد وہ ساتویں بار خطے کا دورہ کر رہے ہیں۔