سیاسیات- آج صبح اسرائیل کی جانب سے ایران کے صوبے اصفہان پر حملے کے بعد اسرائیل کے قومی سلامتی کے وزیر نے سماجی پلیٹ فارم پر یک لفظی پوسٹ کی۔
امریکی نشریاتی ادارے اسکائی نیوز کے مطابق اسرائیل کے قومی سلامتی کے وزیر اتامار بین گویر نے ایران پر اسرائیلی حملے کے بعد سماجی پلیٹ فارم ایکس پر صرف ایک لفظ لکھا۔
اسرائیل کے قومی سلامتی کے وزیر نے اپنی ٹوئٹ میں صرف انگریزی لفظ ’feeble‘ لکھا، جس کے معنی ’انتہائی کمزور‘ ہیں۔
اس ٹوئٹ کے بعد کچھ میڈیا رپورٹس میں بتایا جارہا ہے کہ اسرائیلی وزیر نے اسرائیل کے ایران پر حالیہ حملے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی فوج نے بہت کمزور ردعمل دیا ہے۔
اتامار بین گویر 2019 سے انتہائی دائیں بازو کی جماعت جیوش پاور کی قیادت کررہے ہیں اور انہوں نے گزشتہ سال اسرائیلی کابینہ میں حلف اٹھایا تھا۔
بعدازاں انہیں قومی سلامتی کا وزیر مقرر کیا گیا اور مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیل کی بارڈر پولیس ڈویژن کا کنٹرول سونپا گیا۔
اس سے پہلے وہ کہہ چکے ہیں کہ ایران کے حملے پر اسرائیل کا ردعمل ’غیرمؤثر یا کمزور‘ نہیں ہونا چاہیے اور بھرپور طاقت کے ساتھ ردعمل دینا چاہیے۔