سیاسیات- ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے سوئیڈن میں قرآن مجید کی ایک بار پھر توہین کے ردعمل میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے نقطہ نظر سے سوئیڈش حکام کی گستاخوں کے خلاف کارروائی کئے بغیر قرآن پاک پر حملے کی مذمت کافی نہیں۔
ناصر کنعانی نے سوئیڈن میں قرآن پاک کی ایک بار پھر توہین کے حوالے سے کہا کہ بدقسمتی سے ہم آج بھی بنیادی انسانی حقوق کے برخلاف اسلامی مقدسات کی بے حرمتی کے دہرائے جانے کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دو ارب سے زائد مسلمانوں کے حقوق اور اقدار کی توہین پر مبنی گستاخانہ کارروائیاں اور نفرت انگیز اقدامات سوئیڈش پولیس کی ناک تلے انجام پائے ہیں جب کہ پولیس کی بنیادی ذمہ داری سیکورٹی کو برقرار رکھنا اور دوسروں کے حقوق کی خلاف ورزی سے روکنا ہے۔ البتہ یہ شرمناک اقدام دنیا کے آزاد اور حقیقت پسند افراد کے ذہنوں سے کبھی نہیں محو نہیں ہوگا۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے زور دے کر کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے نقطہ نظر سے سوئیڈش حکام کی گستاخوں کے خلاف کارروائی کئے بغیر قرآن مجید پر حملے کی مذمت یا مخالفت دعوے کافی نہیں ہیں۔
کنعانی نے مزید کہا کہ اس بنا پر، سوئیڈش حکومت سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ انسانی حقوق کے بنیادی اصولوں پر سنجیدگی سے عمل کرے اور عملی اور موثر اقدامات کے ذریعے اخلاقیات اور مذاہب کے پرامن بقائے باہمی کو فروغ دینے کی کوشش کرے، اور مسلمانوں اور دنیا بھر کے توحید پرستوں کے واضح ترین مطالبے کا ذمہ داری سے جواب دے۔