سیاسیات- جمعے کے روز میونخ میں سکیورٹی کانفرنس میں صیہونی وزیر جنگ “یواف گالانٹ” نے دعویٰ کیا کہ ایران دنیا کے پچاس سے زائد ملکوں کو اسلحہ فروخت کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ سال سے ایران مہلک ہتھیار برآمد کرنے والے عالمی ممالک کی فہرست میں آچکا ہے اور ہتھیار فروخت کرنے کے لئے پچاس سے زائد ممالک سے رابطے میں ہے۔ واضح رہے کہ اس سال میونخ میں ہونے والی کانفرنس میں نیٹو کے سیکرٹری جنرل “ینس اسٹولٹن برگ”، امریکی ارب پتی اور مائیکرو سافٹ کے بانی “بل گیٹس”، یورپی کمیشن کی سربراہ “اورسولا فون ڈیرلین” اور دیگر یورپی تنظیموں کے سربراہان شرکت کریں گے۔ صیہونی وزیر جنگ نے مزید کہا کہ دوسرے براعظموں اور اقوام کے خلاف ایرانی خطرات بڑھ رہے ہیں۔ یواف گالانٹ نے کہا کہ ایران، بیلاروس سمیت مشرقی یورپ کے ممالک کو 1000 کلومیٹر کی رینج والے ڈرون بھیجتا ہے اور ماضی میں جنوبی امریکہ میں بھی ایسا ہی کرچکا ہے۔
صیہونی وزیر جنگ نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہیئے کہ وہ متحد ہو اور ہتھیاروں کی خرید و فروخت کے معاملات کو روکنے کے لئے ایک موثر میکانزم تیار کرے۔ امریکی اخبار گارڈین نے منگل کو امریکی انٹیلی جنس حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ایران سستے اور مہلک ڈرون کی تیاری میں عالمی رہنماء بن کر ابھر رہا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق، امریکی ڈیفنس انٹیلی جنس ایجنسی کے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ کس طرح ایران ڈرون کی صنعت میں ایک ماہر علاقائی کھلاڑی کے طور پر ابھرا اور روس کا اہم حامی بن چکا ہے۔